یورپی فلم فیسٹیول پاکستان میں پرتگالی فلم “SNU” — محبت، ہمت اور سیاسی تبدیلی کی لازوال کہانی
پرتگالی فیچر فلم “SNU” یورپی فلم فیسٹیول پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے، جو تاریخ، محبت اور سیاسی تبدیلی کو ایک متاثر کن انداز میں یکجا کرتی ہے۔ اس فلم کی اسکریننگ کراچی فلم اسکول میں ہوگی، جسے اسلام آباد میں پرتگال کے سفارتخانے اور Camões, I.P. کی جانب سے یورپی یونین ڈیلگییشن ٹو پاکستان اور اولوموپولو میڈیا کے تعاون سے پیش
کیا جا رہا ہے۔
معروف ہدایتکارہ پاتریسیا سیکویرا کی جانب سے بنائی گئی یہ فلم سنو آبی کاسس کی زندگی پر مبنی ہے، جو انقلابِ پرتگال کے بعد ایک بااثر ایڈیٹر اور ادبی دنیا کی اہم شخصیت سمجھی جاتی تھیں۔ فلم میں ان کے تعلقات کو فرانسسکو سا کارنیرو کے ساتھ دکھایا گیا ہے، جو پرتگال کی بڑی سیاسی جماعتوں میں سے ایک کے بانی اور ملک کے نمایاں رہنما تھے۔ دونوں کی زندگیوں کا یہ سفر پرتگال کے سماجی اور سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلیوں کے دور میں سامنے آتا ہے۔
فلم میں ذاتی جذبات، تاریخی پس منظر، اور سیاسی جدوجہد کو ایک منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو محبت، ہمت اور تبدیلی کی سچی تصویر پیش کرتی ہے۔ “SNU” ناظرین کو پرتگال کی جدید تاریخ کے اہم ترین دور میں جھانکنے کا موقع دیتی ہے، جہاں معاشرتی اور سیاسی تبدیلیاں نئی راہیں تراش رہی تھیں۔
اس فلم کی نمائش پاکستان اور پرتگال کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے اور یہ یورپی فلم فیسٹیول کے اس مقصد کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی سنیما، تخلیقی کہانیوں اور ثقافتی مکالمے کو فروغ دیا جائے۔
