صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی اور متعدی امراض کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں ڈینگی کی تازہ صورتحال اور انسدادی اقدامات کا مفصل جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا اور تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ہیلتھ کے سی ای اوز اور طبی ماہرین نے بھی اجلاس میں حصہ لیا۔خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں واضح ہدایت کی کہ مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ فیلڈ میں رہیں اور رپورٹنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے تاکہ انسداد ڈینگی کے اقدامات بروقت اور منطقی بنیادوں پر کیے جائیں۔ انہوں نے ہاٹ اسپاٹس کی جیوٹیگنگ کو لازمی قرار دیا اور اسپرے کے ساتھ اندرونی و بیرونی سرویلنس کے تسلسل پر زور دیا۔خواجہ سلمان رفیق نے موسمی تغیرات کے دوران معمولی غفلت کے بھی سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، اس لئے تمام ادارے الرٹ رہیں اور ریسپانس میکانزم کو فعال رکھا جائے۔ انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور فیلڈ ورکرز کی لگن اور محنت کو سراہا اور کہا کہ محکمہ صحت کی فرنٹ لائن ٹیموں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے۔دونوں وزراء نے اضلاع کے مابین بہتر کوآرڈینیشن، بروقت فیصلے اور عوامی آگاہی مہمات کو مزید فعال بنانے پر زور دیا تاکہ انسداد ڈینگی کی مہم تیز اور موزوں انداز میں آگے بڑھائی جا سکے۔ اجلاس میں بتائے گئے اقدامات پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ کو باقاعدہ رکھا جائے گا تاکہ صوبے میں ڈینگی کے بڑھتے خطرات کو مؤثر انداز سے قابو کیا جا سکے۔
