اسلام آباد (9 اکتوبر 2025) بریج ٹاؤن، بارباڈوس میں منعقدہ 68ویں کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی ایک نایاب امتیاز کے ساتھ سامنے آئی۔ گیلانی خاندان کے تین رکن مختلف پارلیمانی ایوانوں میں پاکستان کی آواز بنے ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ایوان بالا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ رکنِ قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی ایوانِ زیریں کی نمائندگی انجام دے رہے ہیں جبکہ رکنِ صوبائی اسمبلی پنجاب سید علی حیدر گیلانی صوبائی قانون ساز اسمبلی پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔گیلانی خاندان کی تینوں ایوانوں میں اجتماعی نمائندگی پارلیمانی سفارت کاری کے تناظر میں ایک منفرد اور تاریخی منظر پیش کر رہی ہے۔ اس مشترکہ شرکت سے پاکستان کی پارلیمانی نمائندگی کو بین الاقوامی فورم پر ایک متحد آواز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔کانفرنس میں گیلانی خاندان نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی پنجاب کی مشترکہ نمائندگی کے ذریعے قانون ساز اداروں کی ہم آہنگی اور پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت کو واضح کیا۔ یہ واقعہ پاکستان کے لیے پارلیمانی روابط اور نمائندگی کے نئے معنوں میں ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
