قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے حالیہ انتخابات میں کامیاب نو منتخب ایگزیکٹو باڈی کے عہدیداران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر ایم بی سومرو, نائب صدر محمد عثمان خان کاکڑ, سیکرٹری نوید اکبر, جوائنٹ سیکرٹری اورنگزیب کاکڑ, فنانس سیکرٹری شاکر عباسی اور سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین کو خصوصی طور پر سراہا اور گورننگ باڈی کے اراکین آسیہ انصر، احمد نواز خان، حافظ عبدالماجد، عمر حیات خان، جاوید نور، غلام رسول کنبھر اور روزینہ علی کو بھی مبارکباد پیش کی۔اسپیکر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ جمہوری روایات کے تحت پی آر اے پی کے انتخابات کا خوش اسلوبی سے انعقاد قابلِ تحسین ہے اور اس سے پارلیمانی رپورٹرز کے عزم و اتحاد کا واضح اظہار ہوتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پارلیمانی رپورٹرز کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور نو منتخب عہدیداران کی کامیابی کو ان کی لیاقت اور عوامی ذمہ داری کے عکاس قرار دیا۔سردار ایاز صادق نے توقع ظاہر کی کہ نئی ایگزیکٹو باڈی صحافتی پیشے سے وابستہ ممبران کے مسائل کے حل اور ان کے پیشہ ورانہ کردار کو مزید مؤثر بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صحافتی گیلری پارلیمان کا ایک اہم جزو ہے اور پارلیمانی رپورٹرز عوامی معاملات کی ترسیل اور ایوان میں ہونے والی قانون سازی کو عام آدمی تک پہنچانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پی آر اے پی کی نئی قیادت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اسپیکر نے کہا کہ سیکرٹریٹ کا پی آر اے پی کے ساتھ دیرینہ خوشگوار تعلق رہا ہے اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ آخر میں انہوں نے نو منتخب باڈی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کے لیے دلی خواہشات پیش کیں۔
