راولپنڈی پولیس نے ہسپتال کے قریب سے اغوا کی جانے والی بچی کو بروقت کارروائی میں بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس قیادت نے معاملے پر فوری نوٹس لیا اور بچی کی بازیابی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعہ کی اطلاع پر فوری طور پر بچی بازیابی کے احکامات دئیے اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ ان ٹیموں نے شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں پر سخت چیکنگ اور مانیٹرنگ کا آغاز کیا تاکہ فوری سراغ لگایا جا سکے۔تلاش کے دوران مختلف علاقوں کے نگرانی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا اور سینکڑوں کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی گئیں۔ پولیس کی موثر مانیٹرنگ اور تفتیشی کوششوں کی وجہ سے ملزم مجبور ہو کر بچی کو وہاں چھوڑ کر فرار ہو گیا جس کے بعد بچی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی بازیابی کے بعد اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ملزم کا سراغ لگا کر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ والدین نے فوری کارروائی پر سی پی او سید خالد ہمدانی اور ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔سی پی او نے اس موقع پر کہا کہ بچے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہیں اور معصوم بچوں کی حفاظت ہر شہری اور ادارے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کسی اجنبی پر بھروسہ نہ کریں اور بچوں کو اپنی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔ترجمان راولپنڈی پولیس نے اطلاع دی کہ واقعے کی مزید تفصیلات اور ملزم کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ اسی طرح کسی بھی مشکوک معلومات کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس تھانے کو دیں۔
