سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب کی زیرِ صدارت ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مہم کے مختلف پہلوؤں اور اضلاع سے موصولہ رپورٹس کی تفصیلی جانچ کی گئی اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے رہنمائی جاری کی گئی۔
اجلاس میں شرکاء نے مہم کے پہلے دن کے دوران پیش آمدہ معاملات، ویکسین کی تقسیم اور رجسٹریشن کے عمل کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ سسٹم میں درپیش چیلنجز اور علاقوں کے حوالے سے موصولہ رپورٹس پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور فوری اصلاحی اقدامات کے نفاذ پر زور دیا گیا۔
نادیہ ثاقب نے ورکرز اور مہم کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت، لگن اور احتیاط کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں تاکہ ویکسین کی بروقت فراہمی اور درست اندراج یقینی بن سکے۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو موثر رابطہ کاری اور والدین تک معلومات پہنچانے کے مؤثر طریقے اپنانے کی بھی ہدایت کی۔
سیکرٹری صحت نے والدین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق ایچ پی وی ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ مستقبل میں ممکنہ مہلک امراض سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے اور والدین کی تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔
نادیہ ثاقب نے کہا کہ بچوں کا محفوظ مستقبل ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب اس ہدف کے حصول کے لیے ہر ممکن وسائل اور معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ ویکسین کی دستیابی اور مہم کا پھیلاؤ مؤثر انداز میں ممکن بنایا جا سکے۔
