اسلام آباد — پاسبانِ وطنِ پاکستان کی جانب سے عائشہ لاثانی اسکول راولپنڈی کے طلبہ اور اساتذہ کی ہمراہی میں دفاعِ پاکستان ریلی منعقد کی گئی، جس میں سول سوسائٹی کے رہنماؤں اور بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کر کے پاک فوج کے جوانوں اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور طلبہ کے قومی شعور کے فروغ کو سراہا۔
ریلی کا اہتمام پاسبانِ وطنِ پاکستان نے کیا، جبکہ حکیم سعید شہید کے قائم کردہ عائشہ لاثانی اسکول کے اساتذہ و طلبہ نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ سکول کی پرنسپل محترمہ نور قریشی نے پاسبانِ وطن پاکستان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 1965 کی جنگ کے مناظر اہلِ محفل کے سامنے بیان کیے اور اس دور کے قصے و حالات حاضرین تک پہنچائے۔
تقریب کے دوران اسکول کے طلبہ نے ٹیبلو، تقاریر اور ملی نغموں کی صورت میں پاک فوج اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا، جسے شرکاء نے پذیرائی سے سراہا۔ پروگرام کے دوران نوجوانوں میں حب الوطنی اور قومی نظریات کے فروغ پر زور دیا گیا۔
پاسبانِ وطن پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اطلاعات رخسندہ تسنیم، پریزیڈنٹ پبلک ایڈ کمیٹی طاہر محمود، وائس پریزیڈنٹ رانا اشتیاق، پریزیڈنٹ کلائمیٹ کمیٹی یسین بھٹی، وائس پریزیڈنٹ کلائمیٹ منیر اکرم، مرکزی رہنما حسن محمد، یوتھ پریزیڈنٹ بختی شاہ، جنرل سیکرٹری نبی شاہ اور چیئرمین پاکستان شیخ مختار احمد نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
پیغام میں پاسبانِ وطن پاکستان کے رہنماؤں نے نہ صرف پاک فوج کے بہادر جوانوں اور شہداء کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی اور نظریاتی تحفظ میں تعلیمی اداروں اور طلبہ کے مثبت کردار کو اہم قرار دیا اور قومی یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
