لاہور میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کا نعتیہ مشاعرہ

newsdesk
3 Min Read

نیشنل بک فاؤنڈیشن کی طرف سے عیدِ میلاد النبی کے سلسلے میں لاہور ریجنل آفس میں نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں معروف شعراء نے بطورِ خاص شرکت کر کے عقیدت و محبت کے جذبات کی عکاسی کی اور پروگرام میں وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ملک گیر ادبی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔

مشاعرے کی صدارت ممتاز شاعر غلام حسین ساجد نے کی جب کہ نظامت و نقابت کے فرائض سلمان باسط اور نازیہ رحمٰن نے انجام دیے۔ صدرِ نشست غلام حسین ساجد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن اب اسلام آباد کے ساتھ ساتھ دوسرے بڑے شہروں میں بھی ادب و فن کی شمع روشن کر رہا ہے اور اس قسم کی ادبی تقریبات کا اہتمام خوش آئند ہے۔ انہوں نے آج کے نعتیہ مشاعرے کو عقیدت رسول مقبول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا شاندار اظہار قرار دیا اور مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر کو اس کا کریڈٹ دیا۔

مشاعرے میں لاہور کے ممتاز شعراء نے بھرپور شرکت کی اور اپنے نعتیہ کلام سے محفل کو مدلل بنایا۔ اس موقع پر سعود عثمانی، حمیدہ شاہین، انجم خلیق، سلمان گیلانی، توقیر احمد شریفی، شاہد اشرف، نوید غازی اور قسور خلیق نے اپنا کلام پیش کیا جس سے محفل حاضرین کے لیے روحانی اور ادبی اعتبار سے خاصی پراثر بنی۔ صدرِ مشاعرہ غلام حسین ساجد نے نعتیہ کلام بھی پیش کیا جس سے سماں بندھ گیا۔

ڈاکٹر کامران جہانگیر نے مہمانِ گرامی، اہلِ ذوق اور خواتین و حضرات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن ایک قومی ادارہ ہے جو ملک کے ہر بڑے شہر میں شعرو ادب کی تقریبات کے ذریعے ادبی و علمی خدمات کو فروغ دینے کا عہد رکھتا ہے۔ انہوں نے ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور صاحبانِ ذوق سے تعاون اور رہنمائی کی درخواست کی تاکہ اس قسم کی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رہ سکیں۔

مشاعرہ لاہور کی معروف شخصیات، اہلِ ذوق اور شائقینِ ادب کی کثیر تعداد کی موجودگی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پی آر او سلیم اختر نے نیز دیگر منتظمین کی طرف سے شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے