آئی بی سی سی اور آغا خان کی فہم پر مبنی امتحانات تربیتی ورکشاپ مکمل

newsdesk
3 Min Read

انٹربورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اور آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کی مشترکہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ فہم پر مبنی امتحانات اسلام آباد کے ایف بی آئی ایس ای آڈیٹوریم میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی، جس میں ملک بھر سے ماہرینِ تعلیم، سینئر ٹرینرز اور امتحان سازوں نے شرکت کی اور شرکاء نے تربیتی سیشنز کو تعلیمی اصلاحات میں سنگِ میل قرار دیا۔

اختتامی تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ چیئرمین ایف بی آئی ایس ای پروفیسر ڈاکٹر اکرام علی ملک بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فہم پر مبنی امتحانات نوجوانوں میں تنقیدی سوچ اور موثر تجزیے کو فروغ دیں گے اور عالمی سطح پر مقابلے کے لیے ضروری صلاحیتوں کی بنیاد قائم کریں گے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ورکشاپ کو رٹے نظام سے ہٹ کر تنقیدی اور بامقصد تعلیم کی طرف بڑا اقدام قرار دیا اور کہا کہ فہم پر مبنی جانچ سے علم کے عملی اطلاق اور تخلیقی سوچ کو تقویت ملے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر اکرام علی ملک نے کہا کہ یہ جدوجہد 2015 سے جاری تعلیمی انقلاب کا حصہ ہے اور آئی بی سی سی اور آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کی کوششیں رٹے سے ہٹ کر معیاری تعلیمی عمل کی طرف واضح پیش رفت ہیں۔

ورکشاپ کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی سی سی سعدیہ ناز بروہی نے کی جبکہ آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ماہرین منیرہ محمد، علی بیجانی اور کاشف حسین نے جدید تشخیصی طریقوں اور فہم پر مبنی اسسمنٹ پریکٹسز پر قیمتی رہنمائی فراہم کی۔ تربیت کا مقصد امتحان سازوں، پیپر سیٹرز اور اسیسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور طالبعلمی مرکزیت، علم کے اطلاق اور تنقیدی سوچ کو فروغ دینا تھا۔

آئی بی سی سی کی جانب سے ڈائریکٹرز ڈاکٹر شاہزاد علی گل، عرفان علی انصاری اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی اور تربیتی سیشنز کے دوران تبصرے اور رہنمائی پیش کی۔ شرکاء نے سیشنز کو نصابی و تشخیصی اصلاحات میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے عملی اور مفصل طریقہ کار کی ترغیب دی، اور کہا کہ اس طرزِ تربیت سے مدارس و سکولوں میں معیاری امتحانی عمل کے نفاذ میں مدد ملے گی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے