اسلام آباد (ملک راشد نزیر) — بلیو ایریا کے تاجروں میں منعقدہ الیکشن میں چاند تارا یونائیٹڈ ٹریڈرز گروپ نے تمام اہم نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کر لی، جس کے باعث تاجر برادری نے منتخب قیادت کو اپنے مسائل حل کرنے کا بھرپور مینڈیٹ دیا۔
رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ کامیابی تاجر برادری کی فتح ہے اور اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاجر برادری کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور اس ووٹنگ کے ذریعے ایک واضح پیغام دیا گیا کہ تاجروں کا ماننا ہے کہ مسائل کا حل صرف منتخب نمائندوں کے ذریعے ممکن ہے۔
انتخابی میدان میں حصہ لینے والے اہم رہنماؤں میں گروپ لیڈر راجہ حامد جالب، چیئرمین حاجی محمد نعیم، وائس چیئرمین محمد علی، نو منتخب صدر محمد یوسف راجپوت، نائب صدور فیاض حسین انجم اور طارق قریشی، جنرل سیکرٹری سید عمران بخاری، جوائنٹ سیکرٹری سلمان خان اور دیگر اہم عہدیداران شامل تھے۔
رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ نو سال سے بلیو ایریا میں انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے عوامی و تجارتی مسائل میں اضافہ ہوا تھا، تاہم اب منتخب قیادت کے ذریعے ان دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا منشور محض انتخابی وعدہ نہیں بلکہ ایک عملی منصوبہ ہے، جس پر عملدرآمد کے لیے وہ دن رات محنت کریں گے۔
گروپ رہنماؤں نے کہا کہ وہ سیاسی رویوں سے بالاتر رہتے ہوئے ہر ایسے گروپ سے تعاون کریں گے جو تاجر برادری کے مفاد میں کام کرنا چاہے۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا گیا کہ اس نے انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنایا۔ رہنماؤں نے بار بار زور دیا کہ یہ جیت پورے تاجر طبقے کی جیت ہے اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
