راولپنڈی میں گورنمنٹ مسلم ہائر سیکنڈری سکول نمبر ون سید پور روڈ میں ڈویژنل سطح کا "بیک ٹو اسکول” پروگرام منعقد ہوا جس میں ضلعی و ڈویژنل سطح کے حکام، تعلیمی افسران، اور پی ایم آئی یو لاہور کے نمائندوں نے شرکت کر کے آؤٹ آف سکول بچوں کی واپسی اور انرولمنٹ مہم کو فروغ دینے کے اقدامات کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) راولپنڈی مسعود بخاری اور محمد عبداللہ خان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر راولپنڈی نے شرکت کی۔ شرکت میں چیئف ایگزیکٹو آفیسر مری نزہت کلثوم شہزادی اور چکوال، اٹک و جہلم سے آنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز بھی شامل تھے جنہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی نمائندگی کی۔ پی ایم آئی یو لاہور کی طرف سے راحیل ارشد (پروگرام آفیسر مانیٹرنگ اینڈ ایولوشن) اور شہزادہ سہیل (پروکیورمنٹ آفیسر) نے تقریب میں شرکت کی۔
پروگرام کا بنیادی مقصد گرمیوں کی تعطیلات کے بعد بچوں کو اسکولوں میں واپس لانا، آؤٹ آف اسکول بچوں کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا اور انرولمنٹ مہم 2025 کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر تعلیمی ماحولیے میں عوامی شمولیت اور مقامی سطح پر آگاہی مہم کی اہمیت پر خصوصی زور دیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن راولپنڈی طارق محمود نے خطاب میں پنجاب حکومت کی تعلیمی پالیسیوں اور کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ضلع اور ڈویژن کی سطح پر انرولمنٹ کی موجودہ صورت حال اور راولپنڈی میں مہم کے نتیجے میں نظر آنے والی بہتری سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ طارق محمود نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے تحت تمام اسکولوں میں انرولمنٹ مہم تیزی سے جاری ہے اور مفت کتابیں، وظائف اور دیگر سہولیات جیسے اقدامات تعلیم تک رسائی بڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
پی ایم آئی یو کے نمائندے راحیل ارشد نے ڈویژن راولپنڈی میں اضلاع کے لحاظ سے آؤٹ آف سکول بچوں کا تفصیلی ڈیٹا پیش کیا اور ان بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں شمولیت دلوانے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کی۔ ان کی پیش کردہ معلومات نے مہم کے ہدف اور ترجیحات واضح کرنے میں معاونت کی۔
مہمانِ خصوصی مسعود بخاری نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا اور تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے مکمل تعاون کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی اور کمیونٹی سطح پر یکجہتی سے ہی آؤٹ آف سکول بچوں کی واپسی ممکن ہے۔
اس موقع پر محکمہ تعلیم کے قیام کردہ اسکول کونسلز کے اراکین نے بھی خصوصی شرکت کی اور مقامی سطح پر بچوں کے انرولمنٹ کو یقینی بنانے کے عہد کا اعادہ کیا۔ اسکول کونسلز نے کہا کہ وہ محلے کی سطح پر والدین کی آگاہی اور مشاورت کے ذریعے آؤٹ آف سکول بچوں کو اسکولوں میں واپس لانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
شرکاء نے مشترکہ طور پر کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کی بحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ناگزیر ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف شعور اجاگر ہوا بلکہ فوری انرولمنٹ کے ذریعے مہم کا عملی آغاز بھی ممکن ہوا، جسے راولپنڈی ڈویژن میں تعلیمی پیش رفت کا ایک سنگِ میل قرار دیا گیا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ اس مہم سے پنجاب حکومت کے وژن "تعلیم سب کے لیے” کو عملی جامہ پہنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
