اسپیکر کی ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے تعلقات مضبوط کرنے پر زور

newsdesk
2 Min Read

قومی اسمبلی اسپیکر سردار ایاز صادق کی بحرین شوریٰ کونسل کے رکن و قانون سازی و قانونی امور کمیٹی کے نائب سربراہ ڈاکٹر عادل عبدالرحمن المعودہ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں پاک-بحرین دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی رابطوں کے فروغ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور بحرین میں مقیم پاکستانیوں کے حالات و سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے آغاز میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قدیم اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سطح پر باہمی تبادلے عوام کے درمیان قریبی روابط کا باعث بن سکتے ہیں۔

اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بحرینی سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں قائم پاک-بحرین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے میں اہمیت کو اجاگر کیا۔

سردار ایاز صادق نے بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنے پر بحرینی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوامی رویّے اور باہم تعاون سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

بحرین شوریٰ کونسل کے رکن ڈاکٹر عادل عبدالرحمن المعودہ نے اسپیکر کے تاثرات کو سراہا اور کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کی تعمیر و ترقی میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے