قومی کمیشن برائے خواتین، اسلام آباد نے اقوامِ متحدہ برائے خواتین پاکستان، یو این ایف پی اے پاکستان، نیدرلینڈز کے سفارت خانے اور گروپ ڈیولپمنٹ پاکستان کے اشتراک سے نیشنل جینڈر پیریٹی رپورٹ پاکستان پر دو روزہ مشاورتی اجلاس کے پہلے روز میں صوبائی اور وفاقی ڈیٹا کے انحراف اور اسے ہم آہنگ کر کے پاکستان کی صنفی ترقی کو عالمی سطح پر درست طور پر پیش کرنے کے طریقہ کار پر زور دیا۔
چیئرپرسن قومی کمیشن برائے خواتین اُم لیلیٰ اظہر نے صوبائی فریم ورکس کے مابین تقابلی تجزیہ پیش کیا اور واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح کے مختلف اشاریے ایک مربوط تصویر پیش نہ کرنے کا سبب بن رہے ہیں، جس سے پاکستان کی پیشرفت عالمی ناظرین کے لئے نامعروف رہ جاتی ہے۔ انہوں نے ڈیٹا کی ہم آہنگی کے فقدان کو دور کرنے کے لئے مربوط فریم ورک کی ضرورت اجاگر کی۔
سابق چیئرپرسن اور حقوقِ خواتین کی ماہر خاوار ممتاز نے کہا کہ غیر ہم آہنگ ڈیٹا خواتین کی حقیقی صورتحال کو خاموش کر رہا ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے ادارہ جاتی ذمہ داری لازمی ہے۔ انہوں نے ڈیٹا کے انتظام میں مستقل ادارہ جاتی شمولیت پر زور دیا تاکہ معلومات قابلِِ اعتماد اور استعمال کے قابل بن سکیں۔
مشال پاکستان کے سی ای او عامر جہانگیر نے بتایا کہ بروقت اور معیاری ڈیٹا کی عدم موجودگی نے پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں نچلے مقام پر رکھ دیا ہے، اور ورلڈ اکنامک فورم کو فراہم کیے جانے والے ڈیٹا کے مؤثر انتظام کا تذکرہ کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ڈیٹا کے ٹائم لائن اور معیار کو بہتر بنا کر درجہ بندی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر علیا ہاشمی خان نے کہا کہ پیش رفت کا مسلسل ریکارڈ رکھنے کے لیے ہم آہنگ طریقہ کار وضع کرنے ضروری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ میتھوڈالوجی اور نگرانی کے نظام کے ذریعے تبدیلی کی رفتار اور اثر کو درست طور پر ٹریک کیا جا سکے گا۔
یو این ایف پی اے کی پروگرام کوآرڈینیٹر لارا شیریڈن، یو این وومن کے کنٹری ریپریزینٹیٹو جمشید قاضی، نیدرلینڈز سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری الکسانڈر ایکربوم اور قومی کمیشن برائے خواتین کی سیکرٹری حمیرا ضیاء مفتی نے بھی ایک آواز میں کہا کہ پاکستان کے ڈیٹا سسٹمز کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے مطابق ہم آہنگ کیا جانا چاہیے تاکہ پاکستانی خواتین کی حقیقی تصویر عالمی سطح پر درست طور پر دکھائی دے سکے۔
پلیٹنری مباحثوں، پیشکشوں اور بریک آؤٹ گروپوں میں واضح اتفاق رائے پیدا ہوا کہ پاکستان کو صنفی ڈیٹا کو منظم انداز میں ترتیب دینا ہوگا؛ اشاریے یکساں اور ہم آہنگ کیے جائیں؛ اور ڈیٹا کو مناسب مقامات اور بروقت پیش کیا جائے تاکہ پاکستان کی کامیابیاں عالمی رپورٹس میں شمار ہوں۔ اجلاس میں تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے فوکل پرسنز اور نمائندوں نے شرکت کی اور ڈیٹا کی مستقبل میں غلط نمائندگی روکنے کے لئے ایک مضبوط نظام وضع کرنے کا عہد کیا۔
اجلاس کے دوسرے روز تکنیکی نوعیت کے مباحثے اور ماہرین و فوکل پرسنز کے ساتھ عملی اور قابلِ نفاذ سفارشات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
