شاہد آفریدی کی قیادت میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈریزنگ

newsdesk
4 Min Read

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے کیپٹل آفس میں سیلاب متاثرین کے لئے فنڈ ریزنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی ہیرو سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی، سینئر اینکر پرسن سلیم صافی، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ پروگرام میں فنڈ ریزنگ کے ذریعے امدادی سامان شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو فراہم کرنے اور متاثرین کی بحالی کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

تقریب کے موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فیڈریشن فلڈ ریلیف فنڈ کے تحت جمع کیے گئے امدادی سامان کو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا جائے گا تاکہ فوری اور مؤثر امداد متاثرین تک پہنچ سکے۔ انہوں نے لالہ کی کرکٹ میں خدمات کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہنے کی تعریف کی اور کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن پورے ملک میں لاکھوں لوگوں کے لیے روشنی کی کرن ثابت ہوئی ہے۔ صدر نے بتایا کہ صرف پنجاب میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور پوری کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اس نوبل کاز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن سلیم صافی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ شاہد خان آفریدی نہایت اچھا اور قابلِ تعریف کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آفریدی آسان زندگی گزار سکتے تھے مگر انہوں نے اپنی عوام کے لیے سب کچھ چھوڑ کر خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی جتنی استطاعت ہو اس فاؤنڈیشن کی مدد کریں۔

قومی ہیرو شاہد خان آفریدی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا، اب اس کا ادھار لوٹانے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت اور چیریٹی کے کاموں میں سب سے زیادہ سکون ملتا ہے۔ آفریدی نے بونیر اور دیر میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بونیر میں ایک شخص نے اپنے خاندان کے 14 افراد کھو دیے، اور انہوں نے سب سے اپیل کی کہ متاثرین سے ملیں اور ان کی صورتحال خود دیکھیں۔ آفریدی نے کہا کہ کوشش ہے متاثرین کے لیے ایسے گھر بنائے جائیں جو دوبارہ سیلاب سے محفوظ ہوں اور انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو ملک کی طاقت قرار دیتے ہوئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ظفر ملک نے بتایا کہ فاؤنڈیشن پسماندہ علاقوں میں صحت اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سے کوئٹہ تک 700 میل کے فاصلے میں کئی ایسے علاقے ہیں جہاں اسپتالوں کی کمی ہے اور فاؤنڈیشن ان علاقوں میں طبی سہولیات پہنچانے کی کاوشیں کر رہی ہے۔ ظفر ملک نے خوشاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ مکمل ہونے کی خوشخبری بھی سنائی اور کہا کہ شاہد آفریدی تشہیر کی بجائے شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شریکِ مکالمت نے کاروباری برادری، میڈیا اور عوام سے مشترکہ کوششوں پر زور دیا تاکہ سیلاب متاثرین کو فوری امداد کے ساتھ ساتھ پائیدار رہائشی اور بنیادی سہولیات مہیا کی جا سکیں اور آئندہ ایسے نقصان سے بچاؤ کے اقدامات کو ممکن بنایا جا سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے