بارش کے بعد ڈینگی سے بچاؤ کے عملی اقدامات

newsdesk
2 Min Read

بارش کے بعد کھڑے پانی میں مچھر کی افزائش بڑھ جانے سے ڈینگی کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد وزارتِ صحت کے اشتراک سے شہر کے ہائی رسک علاقوں اور دیگر حصوں میں خصوصی ڈینگی سویپ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ بروقت سرویلنس اور کنٹرول کے ذریعے وبا کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔

ہیلتھ آفس کی ٹیمیں گھر گھر جا کر سرویلنس کا کام کر رہی ہیں اور ممکنہ طور پر مچھر کے لاروا پائے جانے والی جگہوں کی شناخت کر کے لاروا تلفی کرائی جا رہی ہے۔ اسی طرح متاثرہ مقامات پر اسپرے اور فوگنگ کے ذریعے بالغ مچھر ختم کرنے کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں مقامی سطح پر کمیونٹی آگاہی مہمات بھی چلا رہی ہیں تاکہ عوام کو حفاظتی اقدامات کے بارے میں باخبر کیا جا سکے۔

شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ذیل کے احتیاطی اقدامات لازماً کریں: پانی جمع کرنے والے برتن، ٹینک، گملے اور ایئر کولر کے جمع شدہ پانی کو روزانہ صاف کریں اور ممکنہ جگہوں سے پانی ہٹا دیں؛ باہر جاتے وقت مکمل آستین کے کپڑے پہنیں تاکہ جسم کم ظاہر ہو؛ نیٹ اور مچھر مار لوشن یا اسپرے کا باقاعدگی سے استعمال کریں؛ سوتے وقت مچھر دانی کا استعمال کریں؛ اور کھڑکیوں اور دروازوں پر جالیاں لگا کر مچھروں کے داخلے کو روکیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ سب کے مشترکہ اقدامات سے ہی ممکن ہے، اس لیے فوری طور پر حفاظتی تدابیر اپنائیں اور مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر طبی مراکز سے رابطہ کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے