اسلام آباد میں سینیٹ چیئرمین کے مشیر، سفیر مصباح کھر نے ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نزیر اوغلو سے ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پروٹوکول طارق بن وحید بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مصباح کھر نے ترک سفیر کو بین الاقوامی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس نئے عالمی فورم کا مقصد پارلیمانوں اور عالمی رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے فروغ، امن، تنازعات کے حل، استحکام اور سلامتی جیسے اہم موضوعات پر عملی اقدامات کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر اس فورم کا پہلا صدر منتخب کیا گیا ہے، جس میں عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔
سفیر مصباح کھر نے ترکی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کو نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پہلی آئی ایس سی کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت پیش کی۔ اس کانفرنس کا مرکزی موضوع ’امن، استحکام اور سلامتی‘ رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نزیر اوغلو نے پاکستان اور ترکی کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے نہ صرف پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا بلکہ آئی ایس سی کو ایک اہم اور ابھرتا ہوا عالمی فورم قرار دیتے ہوئے اس کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جواباً سفیر مصباح کھر نے بھی ترک سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ اور آئی ایس سی کے مشن کی تکمیل کے لیے مل کر کام کرے گا۔
