سی پی ڈی آئی پاکستان کے زیر اہتمام "بجٹ میں شفافیت اور پارلیمانی شمولیت” پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے بیس سے زائد ارکان، حکومتی امور کے ماہرین اور دیگر اہم شراکت داروں نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد ارکانِ پارلیمنٹ کو بجٹ سازی میں اپنے کردار پر غور کرنے، حالیہ مباحثوں کے تجربات شیئر کرنے اور مالی نگرانی و شفافیت کو بڑھانے کے لیے عملی طریقے تلاش کرنا تھا۔
ورکشاپ میں بجٹ سے متعلق مسائل اور کامیابیوں پر تبادلہ خیال، پارلیمانی نگرانی اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے، حلقہ جاتی ضروریات کو بجٹ ترجیحات میں شامل کرنے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر مالی وفاقیت، این ایف سی اور پی ایف سی جیسے موضوعات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
مسٹر مختار احمد علی (ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی پی ڈی آئی) اور مسٹر اسامہ خاور گھمن سمیت ماہرین کی قیمتی آراء اور معزز ارکان پارلیمنٹ کی بھرپور شرکت کے نتیجے میں اس ورکشاپ کا اختتام کئی قابل عمل تجاویز کے ساتھ ہوا، جن کے ذریعے بجٹ مباحثوں، شفافیت اور عوامی شراکت کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
