پاکستان تھائی لینڈ پارلیمانی دوستی گروپ کی اہم ملاقات

newsdesk
3 Min Read

پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کے لیے قومی اسمبلی میں قائم پاکستان-تھائی لینڈ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اور تھائی لینڈ کے سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس کی صدارت نائب کنوینر میر جمال خان رئیسانی نے کی اور مختلف اراکین قومی اسمبلی و دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں میر جمال خان رئیسانی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے اس گروپ کو فعال بنانے پر روشنی ڈالی اور اسے پارلیمانی سفارت کاری اور دو طرفہ روابط میں اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور تھائی لینڈ کی دیرینہ دوستی اور تاریخی گندھارا ورثے کو دونوں ممالک کے درمیان ربط کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

میر جمال خان رئیسانی نے تجارت، تعلیم، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اسکلز ڈیولپمنٹ میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پارلیمانی روابط کے مزید فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں ایک دوسرے کے ہم پلہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ بنانے کی تجویز بھی رکھی تاکہ باہمی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے۔

تھائی لینڈ کے سفیر نے پاکستان کی جانب سے تعلقات میں مزید بہتری کے عزم کو سراہا اور باہمی تجارت کو دوگنا کرنے، سیاحت و ثقافت کے تبادلے بڑھانے اور کاروباری تعلقات مضبوط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے جلد تکمیل کی اہمیت اجاگر کی اور روایتی شعبوں جیسے ماہی گیری، کھیلوں کا سامان اور آٹو پارٹس کے ساتھ ساتھ ہلال فوڈ انڈسٹری اور سروسز سیکٹر میں مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔

اجلاس میں براہ راست پروازوں میں اضافہ، ویزا عمل کو آسان بنانے اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ گروپ کے اراکین نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری اور عملی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔

پاکستان-تھائی لینڈ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان متواتر روابط سے نہ صرف دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں قوموں کے درمیان دیرپا شراکت داری کو بھی فروغ ملے گا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے