سیرت النبی اکیسویں صدی کے تناظر میں خصوصی تقریب

newsdesk
3 Min Read

اسلام آباد میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام "سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم اکیسویں صدی کے تناظر میں” کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ممتاز دانشوروں، علمائے کرام اور ادب و تعلیم کی شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد موجودہ دور میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنا اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنا تھا۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین قومی رحمت اللعالمین خاتم النبیین اتھارٹی جناب خورشید احمد ندیم تھے، جنہوں نے اپنی خطاب میں کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم میں انسانیت کے ہر دور اور جدید دور کے تمام چیلنجوں کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ سو سال قبل بھی جو تعلیمات دی گئیں، وہ آج کے معاشرتی مسائل کے حل کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ ان کے مطابق آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم سیرت النبی کے پیغام کو عصر حاضر کے تناظر میں عام کریں تاکہ ہر سوال کا جواب ہم سیرت میں تلاش کر سکیں۔

تقریب میں ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈاکٹر ریاض محمود، وہاج احمد، ابوبکر الیاس اور دیگر دانشوروں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم اور دین اسلام کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی تعلیمات کو آج کے دور کی زبان میں دنیا بھر تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کو عملی زندگی میں اپنانا ہر مسلمان کے لیے باعث فخر و سعادت ہے۔

تقریب کے آخر میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی ڈاکٹر کامران جہانگیر نے تمام مہمانان اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات علمی اور سماجی ارتقاء کے لیے نہایت اہم ہیں اور ادارہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز منعقد کرتا رہے گا۔ تقریب میں ادب و علم سے وابستہ خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض نازیہ رحمن نے انجام دیے اور پروگرام کو آفتاب احمد اور ان کی ٹیم نے لائیو دکھایا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے