پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزماں نے پاکستان کے پہلے نیشنل سینٹر فار لائیوسٹاک بریڈنگ، جینیٹکس اینڈ جینومکس کے نئے تعمیر شدہ عمارت کا دورہ کیا۔ یہ مرکز مرکزی جی ٹی روڈ، روات پر واقع ہے اور جدید سہولیات سے آراستہ ہے جس کا مقصد ملکی لائیوسٹاک شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔
اس دورے کے دوران وائس چانسلر کے ہمراہ یونیورسٹی کے رجسٹرار، ڈین، ڈائریکٹرز اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے مرکز میں موجود مختلف لیبارٹریز، کلاس رومز اور جدید مشینری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد کامران اور سینٹرل پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام بلال نے انہیں مرکز کی خصوصیات اور جاری تعمیراتی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جن کی تکمیل آئندہ ایک ماہ میں متوقع ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزماں نے پراجیکٹ ٹیم کی انتھک محنت اور یونیورسٹی کے متعلقہ شعبہ جات کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھر میں اس نوعیت کے خصوصی مراکز قائم کیے جانے چاہئیں تاکہ لائیوسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے، پیداوار میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت کو تقویت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد مرکز ہے جو پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور محققین کے لیے لائیوسٹاک بریڈنگ، جینیٹکس اور جینومکس کے شعبے میں اعلیٰ تحقیق کا اہم مرکز ثابت ہوگا۔
