ایچ ای سی کے تحت 259 طلبا ہنگری وظائف کے لیے روانہ

newsdesk
4 Min Read

اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے 259 طلباء کو ہنگری بھیج دیا

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے اسٹیپینڈیم ہنگاریکم اسکالرشپ پروگرام کے تحت 259 طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لیے ہنگری روانہ کرنے کی تقریب منعقد کی۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے اور اس کی بدولت مختلف شعبوں کے طالب علم مکمل فنڈنگ کے ساتھ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ندیم محبوب، اسلام آباد میں ہنگری کے سفارت خانے کی نائب سربراہ ڈاکٹر ڈورا گنسبرگر، ایچ ای سی کے انسانی وسائل کے ایڈوائزر انجینئر محمد رضا چوہان اور دیگر معززین کے علاوہ طلباء، والدین اور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

اسکالرشپ پروگرام بیچلرز، ماسٹرز، ون ٹائر ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر زرعی و ویٹرنری سائنسز، آرٹس و ہیومینٹیز، حیاتیاتی علوم، انجینئرنگ و ٹیکنالوجی، ہیلتھ سائنسز، فزیکل سائنسز اور سماجی علوم سمیت مختلف شعبوں میں مکمل فنڈ سے چل رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم نے طلباء کو کامیابی پر مبارک باد دی اور کہا کہ ایسے مواقع پاکستانی نوجوانوں کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلباء اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی نمائندگی کریں گے اور اپنی ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے مستقبل میں پاکستان کی خدمت کریں گے۔

چیئرمین ایچ ای سی ندیم محبوب نے کہا کہ ملکی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنا کمیشن کی ترجیح ہے اور ہنگری کا تعاون قابلِ تحسین ہے جس کی بدولت ہرسال اسکالرشپ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے تمام صوبوں اور علاقوں سے منتخب شدہ طلباء پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نصیحت کی کہ وہ پاکستان کےنمائندہ کے طور پر خود کو ثابت کریں۔

ہنگری کے سفارت خانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر ڈورا گنسبرگر نے پروگرام سے وابستہ طلباء کے روشن چہروں کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں نصیحت کی کہ وہ نئے تجربات اور چیلنجز کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے اس پروگرام کو دونوں ممالک کے لیے قیمتی اثاثہ قرار دیا اور طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ نیٹ ورکنگ اور دوستی کے مواقع حاصل کرنے کی تلقین کی۔

ایچ ای سی کے ایڈوائزر انجینئر محمد رضا چوہان نے پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلیمی شراکت داری کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک اس پروگرام سے 1200 سے زائد طلباء نے فائدہ اٹھایا ہے اور اس بیچ کی روانگی کے بعد یہ تعداد تقریباً 1500 تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ ہنگری میں پاکستان کے سفیر جب کہ وطن واپسی پر ہنگری کے سفیر بن کر ملک کی بہتری کے لیے کام کریں۔

تقریب کے دوران پہلے سے اس پروگرام سے مستفید ہونے والے سابق طلباء نے اپنے تجربات بھی نئے منتخب شدہ طلباء کے ساتھ شیئر کیے۔

واضح رہے کہ اسٹیپینڈیم ہنگاریکم اسکالرشپ پروگرام کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان دسمبر 2015 میں ہونے والے معاہدے سے ہوا تھا، جس کے تحت ابتدا میں سالانہ 80 وظائف دیے گئے۔ 2017 میں اس معاہدے میں توسیع کے بعد سالانہ 200 اور 2023 سے 2025 تک اب سالانہ 400 وظائف دیے جا رہے ہیں جس سے ملکی تعلیمی شعبہ مستفید ہو رہا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے