سید یوسف رضا گیلانی کا ملتان میں فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ

newsdesk
3 Min Read

چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ لوگوں کو بلا تفریق تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سیلاب زدگان کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

اپنے دورے کے دوران سید یوسف رضا گیلانی نے شیر شاہ گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ ہائی سکول بچ میں قائم کیے گئے ریلیف کیمپس میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیکل کیمپ کے عملے سے ادویات کی دستیابی اور معیار کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں اور شیر شاہ بند پر جا کر سیلابی صورتحال کا خود معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عارف اقبال نے انہیں انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

چیئرمین سینیٹ نے کیمپوں میں مقیم متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد کو اپنے گھر بار اور مال مویشی چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متاثرین کو ادویات، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی بغیر کسی امتیاز کے فراہم کی جا رہی ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر ریلیف کیمپوں میں کوئی شکایت یا کمی ہو تو اسے ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بروقت مدد اور انخلاء میں ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔

ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی نے بھی اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ جب تک متاثرین کیمپوں میں مقیم ہیں، ان کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی سطح پر یہ کوشش کر رہا ہے کہ کیمپوں میں موجود بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ضروریات پوری کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دقت نہ ہو۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے