ایف جے ڈبلیو یو میں ادارہ جاتی حکمرانی کا جائزہ اور بہتری

newsdesk
2 Min Read

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم کا فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کا دورہ

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں تعلیمی معیار اور انتظامی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی گورننس ریویو ٹیم نے دو روزہ دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد یونیورسٹی انتظامیہ کے مختلف شعبوں کی جانچ اور بہتری کے لیے سفارشات مرتب کرنا تھا، تاکہ ملکی سطح پر تعلیمی اداروں میں خودمختاری، احتساب اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ایچ ای ڈی پی ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے شروع ہونے والا ایک جامع منصوبہ ہے جس کے تحت ملک بھر کی 46 منتخب جامعات میں انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں اس مقصد کے لیے پروفیسر ڈاکٹر سید آفاق حیدر اور مسٹر فرقان علی پر مشتمل ٹیم نے جامعہ کا دورہ کیا۔ اس منصوبے کی سرپرستی وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کر رہی ہیں، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ یاسمین فوکل پرسن ہیں۔

دورے کے پہلے دن ٹیم نے رجسٹرار، ایڈیشنل خزانچی، کنٹرولر امتحانات، ڈائریکٹر اورک، ہیومن ریسورس اینڈ اسٹیبلشمنٹ، اور پلاننگ و ڈویلپمنٹ آفس سمیت مختلف انتظامی شعبہ جات کے انچارج حضرات سے ملاقاتیں کیں۔ دوسرے روز ڈینز، سربراہ شعبہ جات، اساتذہ، ہاسٹل وارڈن، اسٹوڈنٹ افیئرز، کیریئر کونسلنگ، داخلہ جات اور کوالٹی اینہانسمنٹ سیل کے نمائندگان کے علاوہ طالبات کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی گئی۔

دورے کے دوران یونیورسٹی کے انتظامی پہلوؤں، حکمت عملی کی منصوبہ بندی، تعلیمی اور مالیاتی نظم و نسق، اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں بہتری کے مواقعوں کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیم نے مثبت پہلوؤں کے ساتھ ساتھ درپیش چیلنجز کی بھی نشاندہی کی اور بہتری کے لیے مختلف سفارشات پیش کیں۔

یہ دورہ ملک بھر میں اعلی تعلیمی اداروں کے انتظام و انصرام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ایچ ای ڈی پی منصوبے کے تحت فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے عزم اور سنجیدگی کا مظہر ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے