اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (OEC) اور جرمن ادارے GIZ کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک جدید ایڈوائزری ڈیسک کا افتتاح کیا گیا ہے، جو پاکستانی عوام کو جرمنی اور یورپی یونین میں پڑھائی، تربیت اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے مکمل رہنمائی اور معلومات فراہم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے ہنر مند افراد کو قانونی، محفوظ اور شفاف راستوں سے یورپ میں مواقع فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں مینیجنگ ڈائریکٹر OEC، نصیر خان کشانی نے کہا کہ یہ ایڈوائزری ڈیسک پاکستانی افرادی قوت کے لیے درست اور بااعتماد معلومات فراہم کرے گا، جس کے ذریعے نوجوان قانونی اور اخلاقی اصولوں کے مطابق بیرون ملک جا سکیں گے۔ انہوں نے اس اقدام کو OEC کے مشن کا حصہ قرار دیا جس کے تحت ملکی ٹیلنٹ کو محفوظ اور ضرورت کے مطابق مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
GIZ کے نمائندے اسٹیو سیفرٹ نے کہا کہ جرمنی اور یورپی یونین میں قانونی ہجرت کے بہتر اور بااخلاق ذرائع پیدا کرنے کے لیے OEC کے ساتھ تعاون پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے ڈیٹا پروٹیکشن اور مہارتوں کی ترقی کو اس اشتراک کی اہم خصوصیات قرار دیا۔
ایڈوائزری ڈیسک پر نوجوانوں کو تعلیم و تربیت (آؤسبِلڈنگ، زبان کی مہارتیں)، کام کے مواقع، وظائف (مثلاً DAAD)، ویزا اور رہائش کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ درخواست گزاروں کی معلومات کی مکمل رازداری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اس سہولت کے آغاز سے پبلک سیکٹر میں رہنمائی اور معلومات کے فروغ کا ایک قابل اعتماد نظام وجود میں آ گیا ہے، جو پاکستانی نوجوانوں کو غلط معلومات سے بچا کر انہیں یورپ کے قانونی اور ہنر کی بنیاد پر مواقعوں سے جوڑنے میں مدد فراہم کرے گا۔
