سیرت رسول اور قومی اتحاد کی اہمیت

newsdesk
3 Min Read

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ایک مضبوط اور کامیاب قوم بننے کے لیے انتھک جدوجہد اور اصولوں پر عمل ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک اور ملت کو درپیش مسائل کے حل میں میڈیا کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور قوم کی کامیابی سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی میں ہی پنہاں ہے۔

امیر عبدالقدیر اعوان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی اصل شناخت اطاعت اور فرمانبرداری ہے، اور اللہ تعالیٰ ہی واحد خالق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہمیں اپنی زندگی کے ہر شعبے میں اسوہء رسول کو اپنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کی راہ پر گامزن ہونے والی اقوام نے ہمیشہ اعلیٰ اصول اپنائے، جبکہ ہم نے اپنی بنیادوں کو نظر انداز کردیا اور اسی وجہ سے آج تنزلی اور مختلف مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی، اخلاقی انحطاط، بڑے اور چھوٹے کا احترام ختم ہونا اور معاشرے میں خرابیوں کا فروغ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قرآن و سنت کی تعلیمات سے دوری اختیار کی جس کے باعث آج ہم بھٹک رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد پر زور دیا کہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ہمیں اپنے کردار و عمل میں یکسانیت لانا ہوگی، اپنے دل و دماغ کو صاف رکھنا ہوگا اور اچھے اخلاق کے ذریعے دنیا میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ انہوں نے وطن عزیز میں اتحاد و یکجہتی اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تقریب میں نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی، ممبر گورننگ باڈی عامر رفیق بٹ، تنویر شہزاد، نوید احمد شیخ، آر آئی یو جے کے سینئر نائب صدر راجہ بشیر عثمانی سمیت متعدد سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ملکی سلامتی کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ ایک شہید کیپٹن کے والد کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دی گئی ہیں، اور حالیہ پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں تاریخی کامیابی سے نوازا جس پر پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ آخر میں انہوں نے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے