پنجاب حکومت کا بیوروکریٹس کیلئے خصوصی طبی سہولیات کا اعلان

newsdesk
2 Min Read

پنجاب حکومت نے بیوروکریٹس اور ان کے اہل خانہ کے لیے علیحدہ طبی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اس اہم منصوبے کی نگرانی کے لیے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی افسران، جن میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) اور صوبائی مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے افسران شامل ہیں، اور ان کے اہل خانہ کو الگ طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے سیکشن آفیسر جناب زنیر مقصود کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے، جو بیوروکریٹس اور ان کے اہل خانہ کو مناسب طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فوکل پرسن صوبے کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹرز، ڈینز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے رابطے میں رہیں گے، تاکہ افسران کو بلا تعطل صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔ اس کے علاوہ فوکل پرسن اس منصوبے کے بہتر نفاذ کے لیے ویل فئیر فسیلیٹیشن سیل (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے شریل احمد سے بھی ہم آہنگی برقرار رکھیں گے۔

حکومتی اقدام کا مقصد اعلیٰ سرکاری افسران اور ان کے خاندانوں کو علاج معالجے کی خصوصی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ صحت کے حوالے سے کسی قسم کی پریشانی کے بغیر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھا سکیں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے