ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ پولیس اہلکاروں میں ریلیف چیکس تقسیم کیے ہیں، تاکہ انہیں اس مشکل گھڑی میں مالی مدد فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او عمر خان نے کہا کہ یہ اقدام محکمہ پولیس کی اُس وابستگی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ اپنے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہر آڑے وقت میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث نہ صرف عام لوگ بلکہ کئی پولیس اہلکار بھی بے گھر ہوئے اور انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
ڈی پی او نے ریلیف کو ایک "معمولی معاونت” قرار دیا اور کہا کہ بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں بھی اسی طرح مدد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد صرف مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ پولیس فورس کے حوصلے کو بھی بلند کرنا ہے۔
