سینیٹ کمیٹی کی غیر قانونی قبضوں پر قانونی کاروائی

newsdesk
2 Min Read

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر ناصر محمود بٹ نے کہا ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی قبضے کی حمایت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کسی کے خلاف غیر قانونی اقدام اٹھایا جائے گا۔

سینیٹر ناصر محمود بٹ نے سینیٹر پرویز رشید اور دیگر کمیٹی اراکین کے ہمراہ چمبہ ہاؤس، وفاقی کالونی، فیڈرل لاجز اور ایجرٹن روڈ پر واقع فلیٹس کا دورہ کیا، جہاں جائیدادوں پر غیرقانونی تجاوزات اور قبضے کیے گئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ان مقامات کا معائنہ بھی کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل دستاویزات فراہم کریں تاکہ عدالتی اور قانونی تقاضوں کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

کمیٹی اجلاس میں چمبہ ہاؤس کی زمین پر غیرقانونی قبضے اور پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے معاملات پر تفصیلی غور ہوا۔ سینیٹر ناصر بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تجاوزات کی ہرگز حمایت نہیں کرتیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں پہلے ہی سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں پر جھوٹے الزامات لگاتے تھے اور اب خود کرپشن کیسز میں 14 سال قید کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عقل مند شخص اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتا ہے اور اس وقت حزب اختلاف کو چاہیے کہ وہ مثبت کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر اکٹھا ہونا چاہیے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اس موقع پر سینیٹر نیاز احمد، سینیٹر محمد اسلم ابڑو، سینیٹر عبدالشکور خان اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے