انٹیگرل گلوبل کے ڈائریکٹر نبیل احمد اور وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور اہم منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار بھرتھ نے وزیر اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام میں انٹیگرل گلوبل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت، انٹیگرل گلوبل کے اشتراک سے اسلام آباد کے نظام صحت کو ایک ماڈل ہیلتھ سٹی بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات جاری ہیں۔
ملاقات میں انٹیگرل گلوبل نے ملک بھر میں ہیپاٹائٹس بی ویکسین کی برتھ ڈوز متعارف کرانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ مالیاتی پہلوؤں اور قومی و صوبائی سطح پر اس پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے اہم میٹنگ بلانے پر بھی اتفاق ہوا۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے نظام صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی وضاحت بھی کی۔
دوسری جانب، نبیل احمد نے صحت عامہ کے فروغ کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹیگرل گلوبل گزشتہ چند برسوں سے پاکستان میں صحت کے شعبے کے معیار کو بہتر بنانے میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ تنظیم کے تعاون سے واٹر، سینیٹیشن اور حفظان صحت کے اصولوں کے فروغ اور دیگر سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جس میں خاص طور پر پسماندہ کمیونٹیز اور اسکولوں کو فوکس کیا گیا ہے۔
انٹیگرل گلوبل کے ڈائریکٹر نے یقین دہانی کروائی کہ ادارہ صحت کے شعبے میں اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر صحت مند اور صاف ستھری کمیونٹیز کی تشکیل کے لیے سرگرم عمل رہیں گے۔
