وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، محترمہ وجیہہ قمر نے ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول میں فراہم کئے جانے والے غذائی پروگرام صرف خوراک تک محدود نہیں، بلکہ ان کا تعلق مساوات، آسان رسائی اور بہتر مواقع سے ہے۔ ان پروگرامز کے ذریعے بچوں کی صحت بہتر ہوتی ہے، ان کی حاضری میں اضافہ ہوتا ہے اور والدین کو اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی امید ملتی ہے۔
محترمہ وجیہہ قمر نے بتایا کہ پاکستان میں اس حوالے سے جو ابتدائی منصوبے شروع کئے گئے تھے، ان کے نتیجے میں طلبہ کی داخلوں اور روزانہ حاضری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب حکومت نے ایک جامع قومی منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت اسکول میں بچوں کو مناسب غذا فراہم کرنے کے اس پروگرام کو نہ صرف قومی پالیسیوں کا حصہ بنایا جا رہا ہے بلکہ اس کی پائیدار کامیابی کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان بھی مؤثر رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسکول میلز میں سرمایہ کاری دراصل بچوں کے خوابوں اور ملک کی خوشحالی میں سرمایہ کاری ہے، جس پر حکومت باقاعدہ حکمت عملی اور رہنمائی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد بچوں کی تعلیم کے لئے فضا کو بہتر بنانا اور معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔
