نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل نے خواتین کی تنظیم "برلینس فاؤنڈیشن” کے وفد سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے امریکی معاشرے میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے مختلف سماجی، ثقافتی اور معاشی شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنا تھا۔
قونصل جنرل، عامر احمد اتوزئی نے برلینس فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے خواتین کی قیادت اور کمیونٹی میں اُن کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے پر تعریف کی۔ ملاقات میں اس بات پر بھی گفتگو کی گئی کہ دونوں ادارے کس طرح مل کر ایسے اقدامات اٹھا سکتے ہیں جو پاکستانی خواتین سمیت پوری کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں معاون ہوں۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ پروگرامات جیسے ثقافتی تبادلے، کمیونٹی ویلفیئر پراجیکٹس اور پاکستانی نژاد امریکی خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والی تقریبات کے ذریعے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ قونصل جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قونصلیٹ آئندہ بھی پاکستانی کمیونٹی کی کاوشوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور اس طرح کی تنظیموں کے ساتھ تعاون سے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔
