وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ریکٹر رفاہ یونیورسٹی ڈاکٹر انیس احمد سے ان کے بھائی اور معروف سکالر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اظہار تعزیت کیا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد عصر حاضر کے ان قابل ذکر اہلِ علم میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے مغربی دنیا میں اسلام کے مؤقف کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے اسلامی معیشت کے نظام کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ جدید دور کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی عمیق تشریحات کیں اور علمی و فکری شعبوں میں اہم خدمات انجام دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی علمی و تدریسی خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا بھی کی۔
