پاکستان غربت مٹاؤ فنڈ (پی پی اے ایف) اور اس کی شراکتی تنظیمیں آزاد جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت اور شفاف امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔ ان علاقوں میں متاثرہ گھروں کی جانچ پڑتال اور ضرورت مند خاندانوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد سب سے زیادہ متاثر اور کمزور طبقوں تک فوری ریلیف پہنچانا ہے۔
یونین کونسل سینہ دامن، تحصیل و ضلع ہٹیاں بالا میں حمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن متاثرہ گھروں میں ہونے والے نقصانات اور فوری ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس عمل میں ان خاندانوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جن کی کفالت عورتیں کر رہی ہیں، بیوہ خواتین، معذور افراد اور انتہائی غریب گھرانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
اسی طرح یونین کونسل کنڈل شاہی، تحصیل اتھمقام، ضلع نیلم میں بی ای آر ڈی فاؤنڈیشن سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کا تعین کر رہی ہے اور ان کے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سروے کے نتائج کے تحت خوراک کے پیکٹ، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر غیر غذائی اشیا کی تقسیم کا منصوبہ بنایا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ متاثرین کی جلد بحالی کے لیے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
اس سارے عمل کے دوران پی پی اے ایف کی ٹیم بھی اپنے شراکت داروں اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ہمراہ میدان عمل میں موجود رہے گی تاکہ یہ یقینی بنا سکے کہ ریلیف کا سامان حق دار افراد تک بروقت اور منصفانہ انداز میں پہنچ سکے۔
