فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے جماعت گیارہویں اور بارہویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سال گیارہویں جماعت میں %62.40 طلبہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ بارہویں جماعت میں کامیابی کا تناسب %83.19 رہا۔ مختلف تعلیمی گروپس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میڈیکل گروپ میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج پاسبان برائے خواتین راولپنڈی کنٹونمنٹ کی علینا طاہر نے 1071 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن سکالرز سائنس کالج دی مال لالا رخ واہ کنٹونمنٹ کی وردہ سرفراز نے 1070 نمبروں سے حاصل کی۔ تیسری پوزیشن دو طالبات کے حصے میں آئی، جن میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گرلز ہمایوں روڈ راولپنڈی کینٹ کی عروا ملک اور آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گجرانوالہ کینٹ کی مناہل مرتضی شامل ہیں، دونوں نے 1069 نمبر لیے۔
پری انجینئرنگ گروپ میں سکالرز سائنس کالج دی مال لالا رخ واہ کنٹونمنٹ کے مزمل ساجد نے 1063 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کیپس کالج واہ کینٹ کیمپس کے محمد سمیع نے 1059 نمبرز کے ساتھ دوسری، جبکہ آرمی پبلک اسکول فورٹ روڈ راولپنڈی کینٹ کی عائشہ نعیم نے 1054 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس جنرل گروپ میں آرمی پبلک اسکول فورٹ روڈ راولپنڈی کینٹ کے ضیام روہاب 1056 نمبروں کے ساتھ اول رہے۔ پنجاب کالج ہل کیمپس اسلام آباد سے عیشاء زیدی نے 1055 نمبرز کے ساتھ دوسری اور اسی کالج کی حلیمہ ذوہیب نے 1053 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کامرس گروپ میں پنجاب کالج ہل کیمپس اسلام آباد کی جنت نذیر 1025 نمبروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں، شایزہ ماہ نور نے 1020 نمبر کے ساتھ دوسری اور زینب وقار نے 1013 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ہیومنیٹیز گروپ میں پاکستان انٹرنیشنل سکول سعودی عربیہ کی دینہ خان نے 986 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنسز اسلام آباد کے طلحہ شمس اور پنجاب کالج ہل کیمپس اسلام آباد کی زوہا نے 981، نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل سکول تاج سعودی عربیہ کی سدرہ نے 974 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
نتائج کی تقریب میں چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے مہمان خصوصی منسٹر آف اسٹیٹ وجیہہ قمر کو امتحانی نظام پر بریفنگ دی اور کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وجیہہ قمر نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ نئی نسل پہلے سے زیادہ محب وطن، پرعزم اور ہمدرد ہے، اور ملک کا مستقبل ان باصلاحیت طلبہ کے ہاتھ میں محفوظ ہے۔ فیڈرل سیکرٹری ندیم محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بورڈ میں کی جانے والی اصلاحات اور شفاف امتحانی نظام اس بات کا ثبوت ہیں کہ میرٹ اور نظم و ضبط کی مکمل پاسداری کی جا رہی ہے۔ چیئرمین اور ان کی ٹیم کی محنت قابل تحسین ہے جنہوں نے امتحانات، انسپیکشن اور مارکرز کے انتخاب میں شفافیت کو یقینی بنایا۔
تقریب میں اساتذہ اور والدین نے بھی نمایاں کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی، اور کہا کہ یہ لمحہ ان کی زندگیوں کا یادگار دن ہے۔
