پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام کراچی میں نیشنل یوتھ گیمز کے لیے انڈر 16 بوائز اور گرلز کے ٹرائلز منعقد ہوئے جن میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ سندھ کے نمائندے محمد شہاب بھی موجود تھے۔
ٹیموں کے انتخاب کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچا گیا اور مختلف میچز کے دوران کوچز اور منتظمین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔ ان ٹرائلز کا مقصد باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے انہیں نیشنل یوتھ گیمز میں سندھ کی نمائندگی کا موقع فراہم کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کی دلچسپی اور شرکت قابل تعریف تھی۔ حکام نے امید ظاہر کی کہ ان ٹرائلز کے ذریعے بہترین کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے جو مستقبل میں پاکستان باسکٹ بال کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس دوران والدین اور شائقین کی بڑی تعداد نے بھی ٹرائلز دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
