سوات میں سیلاب زدگان کے لیے غذائی خدمات کی فراہمی

newsdesk
2 Min Read

یونیسف اور محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے ضلع سوات میں زندگی بچانے والی غذائی خدمات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد بچوں، ماؤں اور نوجوان لڑکیوں میں غذائی کمی کو دور کرنا ہے۔ اس ضمن میں سویڈن کے سفارتخانے کے تعاون سے ضلع سوات میں متعدد غذائی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

ان مراکز پر شدید غذائی کمی کا شکار بچوں کیلئے خصوصی غذائیت فراہم کی جا رہی ہے، جس میں فوری استعمال کے لیے تیار خوراک دی جا رہی ہے۔ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو خوراک میں کمی پوری کرنے کے لیے وٹامنز اور مختلف اجزا پر مشتمل سپلیمنٹس فراہم کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح، نوجوان لڑکیوں کو خون کی کمی سے بچانے کیلئے آئرن اور فولک ایسڈ کی گولیاں دی جاتی ہیں۔

غذائی کونسلنگ کے ذریعے ماؤں کو بچوں کیلئے مناسب دودھ پلانے، اضافی خوراک کے انتخاب اور حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، صحت مند طرز زندگی اور بہتر کھانے پکانے کے طریقوں پر عملی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کی خوراک میں بہتری لائی جا سکے۔

خواتین صحت کار اور کمیونٹی ورکرز گھر گھر جا کر خاندانوں کو غذائی بہتری، بچوں کی نگہداشت، اور مریضوں کی بروقت رہنمائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں اور بچوں کو بروقت غذائی خدمات فراہم کرنا ان کی صحت اور خوش حالی کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے