راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام خواتین کے لیے ایک روزہ ویمن ایس ایم ایز بزنس نمائش کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کاروباری شخصیات اور نئے برانڈز کو اپنی مصنوعات پیش کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کا بھرپور موقع ملا۔
اس نمائش میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ خواتین نے اپنے کاروبار کو اجاگر کیا۔ مختلف شعبوں جیسا کہ ملبوسات و فیشن، ہوم ڈیکور، بیوٹی سیلونز، اسکن کیئر، جیولری، جیمز، بوتیکس اور دستکاری میں کام کرنے والی خواتین نے اپنے اسٹالز لگا کر مختلف مصنوعات شرکاء کو متعارف کروائیں۔ اس تقریب نے نہ صرف خواتین کاروباری افراد کے لیے اپنی خدمات اور اشیاء کو عوام تک پہنچانے کا راستہ ہموار کیا بلکہ انہیں ایک دوسرے سے ملنے، تجربات شیئر کرنے اور مستقبل میں کاروباری تعاون کے مواقع بھی فراہم کیے۔
تقریب میں پریذیڈنٹ بہبود محترمہ عابدہ ملک، رکن قومی اسمبلی پاکستان محترمہ ہما اختر چغتائی اور پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنینڈیز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ معزز مہمانوں کی موجودگی نے اس نمائش کی اہمیت میں اضافہ کیا اور خصوصاً خواتین کو کاروباری دنیا میں بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خواتین کے لیے ایسی کاروباری سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں تاکہ ملکی معیشت میں خواتین کا کردار مزید مضبوط ہو۔
