اسلام آباد میں تحفظ کیلئے پاک آئی ڈی اور ڈور ٹو ڈور سروے

newsdesk
3 Min Read

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کا جامع ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے ‘پاک آئی ڈی’ ایپ متعارف کرائی جائے گی اور ساتھ ہی شہر بھر میں ڈور ٹو ڈور سروے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں نادرا کے نمائندگان نے ‘پاک آئی ڈی’ ایپ کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ اس ایپ کی مدد سے ہر شہری اپنا اندراج گھر بیٹھے اور آسان طریقہ کار کے تحت مختصر وقت میں کروا سکے گا۔ مزید یہ کہ ایپ میں کم سے کم ڈیٹا انٹری فیلڈز رکھی گئی ہیں تاکہ عوام کے لیے یہ عمل مزید سہل ہو۔

ڈور ٹو ڈور سروے کے ذریعے شہریوں کی اصل رہائش، فیملی ممبران، کرایہ داروں، رشتہ داروں اور غیر ملکی افراد کی مکمل معلومات اکھٹی کی جائیں گی۔ اس مقصد کیلئے اعلیٰ معیار کی تصاویر حاصل کرنے کیلئے سپارکو کی معاونت بھی لی جائے گی۔ یہ سروے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ دیہی اور کچی آبادیوں تک وسیع ہوگا تاکہ سب کا ڈیٹا بیس مکمل تیار ہوسکے۔

اجلاس میں طے ہوا کہ ایپ کو زیادہ سے زیادہ صارف دوست بنانے اور دیگر سرکاری ایپس کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سے ڈیٹا خودکار طور پر جمع ہو سکے گا اور شہری خود بھی اپنی معلومات داخل کر سکیں گے۔ اس عمل سے معلومات اکھٹی کرنے کا مرحلہ زیادہ تیز اور مؤثر ہوجائے گا۔

حکام نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ایپ کے استعمال اور اس مہم کے بارے میں بھرپور آگاہی پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ان جدید اقدامات سے سیکورٹی، منصوبہ بندی اور ترقیاتی کاموں میں اداروں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنے اور انہیں مکمل تحفظ دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے