پاکستانی یوم آزادی کی تقریبات میں ڈیپٹی قونصل جنرل کی شرکت

newsdesk
2 Min Read

نیویارک میں قائم پاکستانی قونصل خانے کے ڈپٹی قونصل جنرل، عمر شیخ نے کوئینز بورو میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔ یہ تقریب کوئینز بورو کے صدر، ڈونووان رچرڈز جونیئر کے زیر اہتمام اور امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ (APAG) کی معاونت سے منعقد کی گئی، جس میں منتخب عہدیداران، کمیونٹی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں پاکستانی امریکن شہریوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی قونصل جنرل عمر شیخ نے اپنی گفتگو میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کوئینز کو "دنیا کا بورو” قرار دیا، جہاں ہر روز تنوع، شمولیت اور ثقافتی فخر کا جشن منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کوئینز میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور اسے پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل قرار دیا، جنہوں نے کاروبار، تعلیم، پبلک سروس اور سماجی سرگرمیوں کے شعبوں میں قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

عمر شیخ نے اس سال کی یوم آزادی کی تقریب کو پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کے نام وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن "بنیان المرسوس” میں پاکستان کی کامیابی، اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے شہداء، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

تقریب میں مختلف ثقافتی پروگرام ہوئے، پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور نیویارک کی قیادت کی جانب سے تعریفی پیغامات پیش کیے گئے۔ ڈپٹی قونصل جنرل نے کوئینز بورو کے صدر، APAG اور علی رشید کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قونصل خانے کے ساتھ شراکت داری، یکجہتی کے فروغ، شہری سرگرمیوں اور نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مثبت نمائندگی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے