سیکریٹری ماحولیات سلیوت سعید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ پنجاب میں سموگ سے بچاؤ کے اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سموگ کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ای پی اے ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے موجودہ اقدامات، ایکشن پلان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ جاری روابط کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سموگ سے نمٹنے کے لیے مختلف سطحوں پر مربوط کام جاری ہے۔
اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس پی این آئی یو طارق حسین بھٹی اور ایڈیشنل سیکریٹری (ٹیکنیکل) شمع کوثر بھی موجود تھیں۔ سکریٹری ماحولیات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ پنجاب بھر میں سموگ سے بچاؤ کے اقدامات کی بروقت اور مؤثر نگرانی کو مزید مضبوط کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ سموگ کے مسئلے پر بروقت قابو پایا جا سکے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
