ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) کے طلبہ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا، جب انہیں اقوام متحدہ کی باوقار ملی نیئم فیلوشپ 2025 کے لیے منتخب کر لیا گیا۔ پاکستان کے اس معتبر ادارے کو یہ اعزاز بین الاقوامی مقابلہ جاتی عمل کے بعد حاصل ہوا ہے، جس نے HSA کے تعلیمی معیار اور طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔
ملی نیئم فیلوشپ اقوام متحدہ اکیڈمک امپیکٹ اور ملی نیئم کیمپس نیٹ ورک کا مشترکہ پروگرام ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ طلبہ کو پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت سماجی بہتری کے منصوبوں میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اس سال اس پروگرام کے لیے دنیا بھر کے 7500 سے زائد اداروں سے 60 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے صرف 290 اداروں کو میزبان کیمپس کے طور پر چنا گیا۔ مجموعی طور پر 4000 سے زائد طلبہ کو منتخب کیا گیا، جس میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے طلبہ بھی شامل ہیں۔
ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی اس بڑی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف اکیڈمی بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ HSA کے طلبہ نے صحت اور ترقی کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل قیادت، جدت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، اور ان کا انتخاب ثابت کرتا ہے کہ اکیڈمی عالمی معیار کے ایسے لیڈر تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے جو مستقبل میں صحت عامہ اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پاکستانی ادارے کے طلبہ کا اس عالمی فیلوشپ میں بار بار منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ HSA نہ صرف تحقیق اور عملی کردار میں مہارت رکھنے والے ماہرین صحت تیار کر رہا ہے بلکہ انہیں قیادت اور سماجی اثر پذیری کے عالمی معیارات سے بھی آراستہ کر رہا ہے۔ منتخب شدہ طلبہ اپنی فیلوشپ کے دوران دنیا بھر کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایسے منصوبے ڈیزائن و نافذ کریں گے جو صحت عامہ، کمیونٹی کی فلاح اور صحت میں مساوات جیسے شعبوں میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اکیڈمی اپنی طلبہ کی اس کامیابی کو خصوصی تقاریب اور بین الاقوامی آن لائن سرگرمیوں کے ذریعے منائے گی، اور اپنی شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یونائیٹڈ نیشنز اکیڈمک امپیکٹ جیسے عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھے گی۔
ہیلتھ سروسز اکیڈمی 1988 میں قائم ہوئی اور پاکستان میں صحت عامہ کے میدان میں پہلی ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کے طور پر تسلیم کی جاتی ہے۔ یہ ادارہ بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی سطح کے نصاب پیش کرتا ہے اور پاکستان میں صحت عامہ کی پائیدار ترقی کے لیے تحقیق، پالیسی اور تعلیم کے میدان میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
