پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی، احسن اقبال کے وژن کے تحت ملک کی تاریخ کا پہلا قومی سطح کا مصنوعی ذہانت مقابلہ “اُڑان اے آئی ٹیکاتھون 1.0” شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ مقابلہ نوجوانوں، طلبہ، اسٹارٹ اپس اور ماہرین کو صحت، تعلیم، زراعت، صنعت، موسمیاتی تبدیلی اور گورننس جیسے اہم شعبہ جات میں مصنوعی ذہانت کے جدید حل پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس ٹیکاتھون کا مقصد نہ صرف مقابلہ کروانا ہے بلکہ ایک قومی تحریک کے طور پر پاکستان کے نوجوانوں کی تخلیقی اور تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ملک کو عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں نمایاں مقام دلانا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "مصنوعی ذہانت مستقبل نہیں بلکہ حال ہے۔ اب معیشتوں کی سرگرمیاں اور فیصلے الگورتھمز پر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے پاس یا تو اس انقلاب کا حصہ بننے یا دوسروں پر انحصار کرنے کا انتخاب ہے۔ ہم تماشائی نہیں بلکہ ابھرتے ہوئے لیڈر بنیں گے۔”
“اُڑان اے آئی ٹیکاتھون 1.0” پاکستان نیشنل انوویشن مشن کا مرکزی اقدام ہے، جس کا مقصد ملک کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کے وژن کی جانب لے جانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قومی سطح پر نئے آئیڈیاز اور سلوشنز پیش کرنے کا بھرپور موقع ملے گا۔
اس ٹیکاتھون کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ مرحلہ آن لائن پورٹل کے ذریعے جاری ہے، جس میں ملک بھر کے نوجوان اور اسٹارٹ اپس شریک ہو سکتے ہیں۔ وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی کے اس اقدام کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق پاکستان کو ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
