پاکستان فٹبال فیڈریشن نے پروفیشنل کوچ نولبرٹو سولانو کو مردوں کی قومی ٹیم اور انڈر 23 اسکواڈ کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کو پاکستانی فٹبال کے ایک نئے باب سے تعبیر کیا جا رہا ہے، جس سے قومی ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے نئی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔
نولبرٹو سولانو، جن کا شمار پیرو کے مایہ ناز فٹبالرز اور تجربہ کار کوچز میں ہوتا ہے، لاہور پہنچے جہاں فٹبال ہاؤس میں انہیں قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر اور پی ایف ایف کے دیگر عملے نے پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا۔ سولانو نے اس موقع پر کہا کہ وہ پاکستان کی سینئر اور انڈر 23 ٹیم کی کوچنگ کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوان کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ ٹیم کے ساتھ مل کر ایسی کارکردگی دکھائیں جو سب کے لئے باعث فخر ہو۔
اپنے اہداف کے بارے میں بات کرتے ہوئے سولانو نے ٹیم کی اتحاد اور نظم و ضبط پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سامنے مشکل چیلنجز ضرور ہیں، لیکن ان پر قابو پانے کے لئے کھلاڑیوں اور عملے کو میدان میں اور میدان سے باہر سخت محنت کرنا ہوگی۔ اس وقت ان کی ترجیح اے ایف سی انڈر 23 کوالیفائرز میں کامیابی حاصل کرنا ہے جو کمبوڈیا میں ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب اور مضبوط عزم کے ساتھ میدان میں اترنا ضروری ہے، تاکہ پاکستان کے لئے کوالیفائی کرنا ایک تاریخی لمحہ ثابت ہو۔
نولبرٹو سولانو نے اس موقع پر پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا شکریہ بھی ادا کیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ کوچ سولانو تجربہ اور وژن کے حامل ہیں، ان کی رہنمائی میں پاکستانی ٹیم مزید مضبوط اور مقابلہ کرنے کے قابل بنے گی۔ قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک میں فٹبال کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے اور امید ہے کہ سولانو کی قیادت میں پاکستانی ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
