پاکستان ایئر فورس کا خودمختار ڈرون المرتجز، نئی جنگی حکمت عملی کی جھلک

newsdesk
3 Min Read

پاک فضائیہ نے جدید ڈرون "المُرتجِز” کا نیا تصور متعارف کروایا ہے، جس سے نشان دہی ہوتی ہے کہ اب پاکستان اپنی فضائی قوت کو بغیر پائلٹ کے جدید جنگی نظام کی طرف منتقل کر رہا ہے۔ اس نئے ڈرون کو مختصر طور پر یومِ آزادی کی نمائش میں دکھایا گیا تھا، جس کے بعد اسے واپس لے لیا گیا۔ ماہرین کے مطابق، یہ قدم دفاعی اور جارحانہ کارروائیوں میں مقامی سطح پر تیار کردہ ڈرون ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ "المُرتجِز” کو مختلف قسم کے مشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے، جن میں کروز میزائل کو روکنے اور خودکش حملوں سمیت ہائی پروفائل کارروائیاں شامل ہیں۔ اگرچہ اس کے تکنیکی خدوخال سامنے نہیں آئے، تاہم اس ڈرون کی لچکدار اور موثر استعمال کی صلاحیت سے واضح ہوتا ہے کہ پاک فضائیہ مستقبل میں روایتی جہازوں پر انحصار کم کرنا چاہتی ہے اور جدید بغیر پائلٹ نظام کو ترجیح دینے کی حکمت عملی اختیار کر رہی ہے۔

ماہرین نے اس ڈرون کے ڈیزائن کو سٹیلتھ خصوصیات اور سستی تیاری کی صلاحیت پر مبنی قرار دیا ہے۔ اس میں ٹربوجیٹ ایئر انلیٹ، فولڈنگ وِنگز اور کم نمایاں بدن شامل ہیں۔ دفاعی جائزہ کاروں کے مطابق، یہ ڈرون پاک فضائیہ کی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جسے "مینڈ-اَن مینڈ ٹیمینگ” یعنی انسان اور مشین کے اشتراکِ عمل کا اصول کہا جاتا ہے، جہاں ڈرونز اور لڑاکا جہاز مشترکہ مشنز میں حصہ لیتے ہیں تاکہ سروائیویبلٹی اور پنٹریشن کو بڑھایا جا سکے۔

پاک فضائیہ کے عسکری جریدے "سیکنڈ ٹو نن” میں بار بار بغیر پائلٹ نظام کے انضمام کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، جس میں مستقبل میں ڈرونز کے ذریعے ائر ٹو ائر کومبیٹ، ایلیکٹرانک وار فیئر اور اسٹیلتھ آپریشنز پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسا جدید اور مالی طور پر مستحکم فضائی نظام تشکیل دینا ہے جو مہنگے لڑاکا جہازوں کے روایتی فلیٹس کی ضرورت کو کم کر دے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ حکمت عملی چین کے اُس ماڈل سے مشابہت رکھتی ہے، جس میں ڈرونز کی جُھنڈ کو پائلٹس کے زیر قیادت دشمن کے دفاع پر غالب آنے اور درست نشانہ لگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اگرچہ "المُرتجِز” کے سلسلہ وار پیداوار تک پہنچنے یا نہ پہنچنے کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، لیکن اس کے منظر عام پر آنے سے یہ پیغام ضرور ملتا ہے کہ پاک فضائیہ مستقبل کی فضائی جنگ کے لیے مقامی سطح پر جدید ڈرون ٹیکنالوجی تیار کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے