این بی پی نے یوم آزادی بچوں کے جذبے کے ساتھ منایا

newsdesk
2 Min Read

نیشنل بینک آف پاکستان نے 78 واں یوم آزادی خصوصی بچوں کے یادگار پرفارمنس کے ساتھ منایا

نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے اس سال یوم آزادی کا جشن خصوصی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، جس میں بینک کی قیادت، ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے بھرپور شرکت کی۔ یوم آزادی کی تقریبات میں قومی پرچم لہرانے، قومی ترانہ پڑھنے اور کیک کاٹنے کی شاندار تقاریب شامل تھیں۔ اس سال کا سب سے خاص پہلو ڈیف ریچ اسکول کے خصوصی بچوں کی جانب سے اشاروں کی زبان میں قومی ترانہ پیش کرنا تھا، جس نے ایونٹ میں محبت، اتحاد، اور شمولیت کا پیغام عام کیا۔

این بی پی کے صدر رحمت علی حسنی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کی عوام کے عزم، ہمت اور قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی کامیابیوں پر ہر پاکستانی کو فخر ہے اور نیشنل بینک اس عزم کے ساتھ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ان قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے جو ہمارے بزرگوں نے پاکستان کی آزادی کے لیے پیش کیں۔

رحمت علی حسنی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ این بی پی مالیاتی خدمات کی فراہمی، کاروباری مواقع کے فروغ اور پائیدار ترقی کے ذریعے ملک کی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان میسر آسکے۔

تقریب کے دوران شریک افراد نے اس پیغام کو سراہا کہ حب الوطنی صرف الفاظ تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک جذبہ ہے جو ہر پاکستانی کے دل میں موجود ہے۔ اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنے عزم کی تجدید کی کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ پاکستان کا مستقبل مزید روشن ہو۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے