ملتان کی ٹیم نے پیپسی نیشنل پی ڈی ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں ملتان کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ ملتان نے یہ کامیابی لاہور کو سات وکٹوں سے شکست دے کر اپنے مسلسل تیسرے میچ میں حاصل کی۔
پاکستان فزیکل ڈس ایبیلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اس چیمپئن شپ کے تیسرے روز راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ کراچی میں دو میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں لاہور کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز اسکور کیے۔ شاہد وٹو نے 33، عتیق جٹ نے 31 اور محمد انیس نے 18 رنز اسکور کیے۔ ملتان کی جانب سے جہانزیب تیوانہ نے 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ آصف کچھی اور محمد آصف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ملتان نے مطلوبہ ہدف 17.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔ محمد زمان علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 60 رنز بنائے، جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ مطلوب قریشی نے 31 اور جہانزیب تیوانہ نے 17 رنز کے ساتھ ٹیم کو فتح دلائی۔ لاہور کی جانب سے محمد بلال نے دو اور محمد ارسلان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد زمان علی کو عمدہ کارکردگی پر آر ایل سی اے زون ٹو کے صدر محمد جمیل نے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔
دوسرے میچ میں کراچی نے 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 138 رنز بنائے۔ عارفین ارشد نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 54 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ نورالدین شیخ نے 22 اور کامران خان نے 14 رنز اسکور کیے۔ کوئٹہ کے مٹھل خان نے تین وکٹیں 22 رنز کے عوض حاصل کیں جبکہ علی گچیزئی نے دو، ناظم الدین، محمد عرفان اور نصرت اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں کوئٹہ کی ٹیم سات وکٹوں پر 129 رنز بنا سکی۔ سیف اللہ نے 43 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، نصرت اللہ 23 اور عامر حبیب 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کی جانب سے کامران خان اور اسحاق جونیئر نے دو دو جبکہ ملک شیر اور علی عسکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر احمد نے عارفین ارشد کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ پیش کیا۔
تقریب میں پی پی ڈی سی اے کے صدر عمران بلواتی، سیکریٹری جنرل اور ایونٹ ڈائریکٹر عامر الدین انصاری، ہیڈ کوچ صبیح اظہر، کوئٹہ ریجن کے سربراہ اسلم باڈیچ، لاہور-سیالکوٹ ریجن کے سربراہ جاوید اشرف اور ادارے کے بانی محمد نظام نے شرکت کی۔
میچوں میں وسیم الدین اور محمد ریحان نے امپائرنگ کی جبکہ شکیل سجاد نے میچ ریفری کے فرائض انجام دیے۔ چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
تصویر کی تفصیل: چیف گیسٹ ظفر احمد نے ملتان کے محمد زمان کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر پی پی ڈی سی اے کے صدر عمران بلواتی، ہیڈ کوچ صبیح اظہر، اسلم باڈیچ اور محمد نظام بھی موجود تھے۔
