اسلام آباد میں چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کی جانب سے یوم آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر تھے۔ اس موقع پر کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملک سے وابستگی کا عزم دہرایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک پاکستانی شناخت ہمیں ایک جُٹ کرتی ہے، اور تاجر کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے خواتین کی کاروباری تنظیموں میں شمولیت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت تاجروں کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس حوالے سے جلد خوشخبری دی جائے گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی تاجروں نے ہمیشہ مشکلات میں ہمت و حوصلے سے کام لیا اور قربانیاں دیں، جس پر وہ انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چیمبر کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ان کا دفتر تاجروں کے لئے ہر وقت کھلا رہے گا۔ سیدال خان ناصر نے قومی شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان کے عوام سب سے زیادہ محب وطن ہیں اور اُنہوں نے ملک کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کی تقدیر بدل دے گا اور ہمیں گوادر سے گلگت تک اتحاد کا پیغام دینا چاہیے۔ میڈیا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ پاکستان کا مثبت امیج پیش کرے اور صوبوں کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہماری افواج نے جرات کے ساتھ بھارت کا مقابلہ کر کے اپنی برتری ثابت کی ہے اور اسی طرح پاکستان معیشت کے میدان میں بھی مضبوط پوزیشن حاصل کرے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی اور اللہ کی مدد ہمیشہ ہمارے ساتھ رہی ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے قائم مقام صدر شیخ طیب سعید نے کہا کہ ہماری شناخت ہمارے وطن سے وابستہ ہے — ملک ہو تو سب کچھ ہے، نہ ہو تو کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر ساٹھ ہزار تاجروں کی نمائندگی کرتا ہے، جن میں تین ہزار باقاعدہ رجسٹرڈ اراکین شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے، کیونکہ وہی اپنے مسائل سب سے زیادہ سمجھتے ہیں۔
سینئر نائب صدر سردار ظہیر نے کہا کہ آج کی تقریب آزادی کی خوشی منانے کے لیے تھی، اس لیے مسائل پر تفصیلی گفتگو نہیں ہوئی، البتہ آئندہ اجلاس میں یہ نکات پیش کیے جائیں گے۔
چئیرمین سیبئو پاکستان و معروف بزنس کمیونٹی رہنما میاں رشید ہمایوں نے بھی اظہار خیال کیا اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ یوم آزادی منانے آئے۔
تقریب کا اختتام کیک کاٹنے اور مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ دینے کے ساتھ ہوا۔
