اسلام آباد میں قائم انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز (آئی ایس ایس آئی) نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں بانیانِ پاکستان کے وژن، حوصلے اور قوم کی عظیم تاریخ، ناقابل شکست جذبے اور مضبوط عزم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں ادارے کی قیادت، تحقیقی ماہرین، عملہ اور انٹرنز نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس ایس آئی، سفیر سہیل محمود نے اس پرمسرت موقع پر سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیشہ قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دہانی کرواتا ہے جو پاکستان کے قیام کے لیے بزرگوں نے دی تھیں، اور یہ موقع قوم کی وحدت، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے عہد کی تجدید کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم ایک بار پھر دہرانا چاہیے۔
سفیر سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں ہمیشہ بڑے چیلنجز کا مقابلہ قوم کے حوصلے، محنت اور مستقبل کے روشن خواب سے کیا ہے، جس کے باعث مشکل حالات میں بھی ملک مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔ انہوں نے حالیہ معرکہ حق میں کامیابی کو قوم کی مزاحمت کی روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں وہ قائد کے مشن کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
تقریب کے دوران آئی ایس ایس آئی کے ریسرچ انٹرنز نے مختصر ڈاکیومنٹریز بھی پیش کیں جن میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور مختلف شعبوں میں کامیابیوں کو تخلیقی انداز میں اجاگر کیا گیا۔ ان دستاویزی فلموں کو شرکاء نے بے حد سراہا جنہوں نے ملک کے تنوع، ورثہ اور حوصلے کی واضح تصویر پیش کی۔
اس یادگار موقع کا اختتام کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب کے ساتھ ہوا۔
