ایرانی سفیر کا پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر خصوصی پیغام

newsdesk
2 Min Read

ایران کے سفیر محترم رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم اور حکومت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان کی آزادی اور اس عظیم قوم کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم قوم ہے جس نے اپنی غیر معمولی استقامت، اتحاد اور کوششوں سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے قومی اقدار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کی خوشی اس قوم کی جدوجہد اور قربانیوں کی عظمت کا عکاس ہے۔

انہوں نے اس موقع پر حکومتِ اسلامی جمہوریہ ایران اور اپنی قوم کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون ہمارے تعلقات کی بنیاد ہیں۔ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادتوں کی جانب سے مشترکہ کوششوں کے باعث دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے امید افزا دور کا آغاز ہو چکا ہے، جس سے امن اور خوشحالی کے سفر کو مزید تقویت ملے گی۔

سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستانی قوم کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور بھلائی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین دوستی مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے بطور سفیر اس بات کو دہرایا کہ وہ پاکستان اور ایران کے مفاد میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنے پیغام کے آخر میں ایرانی سفیر نے پاکستان کے عوام کو یوم آزادی کی خوشی پر ایک بار پھر مبارکباد پیش کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے