نیوٹیک کی چیئرپرسن گلمنہ بلال احمد اور چین کے قونصل جنرل کراچی، یانگ یون ڈونگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور تکنیکی تربیت کے شعبے میں مستقبل میں تعاون کے امکانات پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے فنی اور تکنیکی تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہنر مندی بڑھانے، جدید تربیت فراہم کرنے اور ملک کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہنر اور تربیت فراہم کرنے کو ان اولین ترجیحات میں شامل قرار دیا گیا۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کے ہنر مند افراد کی عالمی سطح پر مانگ بڑھائی جا سکتی ہے اور چین اس سلسلے میں بھرپور تعاون کو تیار ہے۔ چیئرپرسن نیوٹیک نے چینی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اس طرح کے اقدامات سے نوجوانوں کو روشن مستقبل ملے گا۔
